پڈعیدن، کراچی میں ریکارڈ بارش ہوئی، شیری رحمان

اسلام آباد: وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ پڈعیدن اور کراچی میں 30 سال میں ریکارڈ بارشیں ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ ضلع نوشہرو فیروز کے قصبہ پڈعیدن میں اس مون سون کے دوران جولائی سے اب تک 1,539.5 ملی میٹر ریکارڈ بارش ہوئی ہے۔ اس مون سون سیزن میں کراچی کے گلشن حدید میں 862 ملی میٹر اور موہنجو داڑو میں 811 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔

وزیر نے کہا کہ سندھ کے تمام اضلاع میں موسلادھار بارش ہوئی ہے اور آج سے بارش کا نیا سلسلہ 26 اگست تک جاری رہے گا۔

موسمیاتی تبدیلی کے وزیر نے کہا کہ بارش اور سیلاب گزرتے وقت کے ساتھ شدت اختیار کر رہے ہیں۔ رحمان نے کہا کہ “وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبائی انتظامیہ کو اس مون سون میں شدید بارشوں کے بارے میں پیشگی خبردار کر دیا گیا تھا۔”

وزیر نے مزید کہا کہ “ہم نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے اپنے زیادہ سے زیادہ وسائل استعمال کیے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ “صوبوں کو سیلاب سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے کے لیے مزید وسائل کی ضرورت ہے۔”

شیری رحمان نے کہا کہ ’لاکھوں سیلاب متاثرین امداد کے منتظر ہیں، جنوبی پنجاب کے لوگ مدد کے لیے صوبائی حکومت کی طرف دیکھ رہے ہیں‘۔

وزیر نے کہا کہ افسوس ہے کہ پنجاب حکومت شہباز گل اور عمران خان پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہباز گل کی گرفتاری کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے لیکن سیلاب سے لاکھوں لوگ بری طرح تباہ ہوئے ہیں۔

تبصرے

Leave a Comment