ایمسٹرڈیم: پاکستان کرکٹ ٹیم آج ایشیا کپ 2022 کے سفر کا آغاز کرنے والی ہے کیونکہ قومی ٹیم روٹرڈیم میں ہالینڈ کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے اختتام کے بعد دبئی جانے کے لیے ایمسٹرڈیم کے ہوائی اڈے پر پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی دستہ ٹیم منیجر منصور رانا کی قیادت میں متحدہ عرب امارات کے لیے روانہ ہوگا۔
دریں اثنا، آصف علی، حیدر علی، افتخار احمد اور عثمان قادر منگل کی صبح پاکستان سے دبئی کے لیے روانہ ہوں گے۔ وہ عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد حارث، سلمان علی آغا اور زاہد محمود کی جگہ لیں گے، جو ہالینڈ کے خلاف 16 رکنی ون ڈے اسکواڈ کا حصہ تھے۔
فاسٹ باؤلر محمد حسنین زخمی شاہین شاہ آفریدی کے متبادل کے طور پر برطانیہ سے اسکواڈ میں شامل ہوں گے جہاں وہ دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ میں اوول انوینسیبل کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
پاکستان ایشیا کپ 2022 کے اپنے پہلے معرکے میں 28 اگست کو روایتی حریف بھارت سے ٹکرائے گا، جبکہ اس کا دوسرا گروپ میچ 2 ستمبر کو شارجہ میں کوالیفائر (یو اے ای، کویت، سنگاپور یا ہانگ کانگ) سے ہوگا۔ سپر فور میچز 3 سے 9 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔
اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ:
بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، محمد حسنین، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر۔
پڑھیں: جاپان، نیدرلینڈز نے فیفا انڈر 20 ویمنز ڈبلیو سی میں سیمی فائنل میں جگہ بنا لی