اسلام آباد: پاکستان نے مختلف ممالک کے ساتھ روئی کی 20 ہزار گانٹھوں کے برآمدی معاہدے کیے ہیں، پاکستان سے روئی کی برآمد شروع کردی گئی ہے۔
پاکستان کاٹن جنرز فورم (پی سی جی ایف) کے چیئرمین احسان الحق نے کہا کہ پاکستان سے روئی کی برآمدات شروع کر دی گئی ہیں، ابتدائی طور پر روئی کی 3 ہزار سے زائد گانٹھیں بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور ویتنام بھیجی گئیں۔
چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ روئی کی 20 ہزار گانٹھوں کے برآمدی معاہدے طے پا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں کے باعث روئی کا معیار خراب ہونے سے برآمد کنندگان کو بھی پریشانی کا سامنا ہے، پاکستان میں روئی کی فی من قیمت 22 سے 23 ہزار روپے ہے۔
احسان الحق نے کہا کہ مقامی وائٹ لنٹ کے نرخ میں اضافے کی بنیادی وجہ یہ اطلاعات ہیں کہ امریکہ میں کپاس کی پیداوار میں کمی آئی ہے۔