بدھ کو اے آر وائی نیوز نے رپورٹ کیا کہ متعدد علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کی صورتحال نے ملک بھر میں ٹرین آپریشنز کو متاثر کیا ہے۔
صوبہ سندھ کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث متعدد مقامات پر ریلوے ٹریک زیر آب آگئے یا انہیں نقصان پہنچا۔
پاکستان ریلوے حکام کے مطابق کراچی، کوئٹہ اور سکھر سیکشنز پر کئی مقامات پر ریل کی پٹریاں بہہ گئیں جس کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت میں 26 گھنٹے تک تاخیر ہو رہی ہے۔
کئی ریلوے ٹریک بارش کے پانی میں ڈوب جانے کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت کو محدود کر دیا گیا ہے۔ جمعرات کو شیڈول کئی ٹرینوں کو معطل کر دیا گیا ہے۔
کراچی اور لاہور کے درمیان چلنے والی قراقرم، کراچی ایکسپریس معطل کردی گئی۔ کراچی-راولپنڈی پاکستان تیزگام ایکسپریس بدستور معطل رہے گی جب کہ کراچی سے پشاور جانے والی عوام ایکسپریس بھی معطل کردی گئی۔
اسی طرح کراچی سے کوئٹہ بولان ایکسپریس اور کوئٹہ پشاور جعفر ایکسپریس کو بھی معطل کردیا گیا۔
کوٹری، روہڑی، دادو، لاڑکانہ کے لیے موہنجوداڑو پیسنجر بھی معطل کر دی گئی ہے۔ معطل گاڑیوں کے مسافروں کو دوسری گاڑیوں میں بٹھایا جائے گا۔ اگر مسافر ٹکٹ کی واپسی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو وہ بکنگ آفس سے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔
تبصرے