خیرپور: سندھ کے ضلع شکارپور کے علاقے کنب میں بارش کے پانی کی نکاسی پر دو گروپوں میں جھگڑا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سیلاب متاثرین ضلع شکار پور کے علاقے کنب سے بارش کے رکے ہوئے پانی کو نکال رہے تھے کہ ایک مسلح بااثر شخص نے ہوائی فائرنگ کر دی اور دھمکی دی کہ اگر پانی ان کے گھر میں داخل ہوا تو مقامی لوگوں کو قتل کر دیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ مقامی باشندوں کو دھمکیاں دینے والے بااثر شخص کا تعلق وسان قبیلے سے ہے۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
دوسری جانب پولیس کی جانب سے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
دریائے سندھ میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث سندھ کے سیکڑوں دیہات کا صوبے کے باقی حصوں سے رابطہ منقطع ہونے سے ہزاروں افراد پھنس گئے۔
دادو ضلع کے خیرپور ناتھن شاہ اور ضلع جامشورو کے سیہون سمیت چھوٹے شہر سیلابی پانی میں ڈوب گئے جبکہ منچھر جھیل میں پانی کی سطح ہفتہ کو بھی بلند رہی۔
منچھر جھیل میں پانی کی سطح 122.5 فٹ تک بڑھنے کے بعد قریبی علاقوں کے لیے انخلاء کا الرٹ بھی جاری کر دیا گیا تھا۔